حیدرآباد،14؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) روشنیوں کے تہوار دیوالی کے پیش نظر شہر حیدرآباد کے بیشتر بازاروں میں بڑے پیمانہ پر پھول فروخت کے لئے لائے گئے ہیں۔ تہوار کی وجہ سے پھولوں کی طلب اور قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تہوار کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں پھول خرید رہے ہیں۔ جاریہ سال ریاست کے کئی مقامات پر بارش کی وجہ سے پھولوں کے پودوں کو نقصان ہوا اور اس کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا۔
پھولوں کے تہوار بتکماں اور دسہرہ کے برخلاف اس مرتبہ شہر کے بازاروں میں مختلف پھولوں کی بڑی تعداد میں آمد ہوئی ہے۔ شہر کی مارکٹس میں دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاستوں کرناٹک اور مہاراشٹر سے بھی پھولوں کی بڑی تعداد لائی گئی۔
دیوالی کے موقع پر گھروں اور منادر کو سجانے کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر، کمرشیل کمپلکسس کو پھولوں سے سجایا جاتا ہے جس کے لئے ان پھولوں کی بڑے پیمانہ پر خریداری کی جاتی ہے۔ ان پھولوں کی قیمت ان کے معیار کے لحاظ سے 70روپئے تا 250روپئے کے درمیان ہے۔ پھولوں کے کسانوں نے کہا کہ اس مرتبہ بارش کی وجہ سے پھولوں کی پیداوار میں کمی ہوئی جس کے نتیجہ میں اس کی قیمت میں اضافہ درج کیا گیا۔